نئےاقدامات

 ڈائریکٹوریٹ آف فلوریکلچر (ٹی اینڈ آر) پنجاب درج ذیل نئےاقدامات کر رہا ہے​

موجودہ پھول منڈیوں کی اپ گریڈیشن

پنجاب  میں تقریباََ 13000 ایکڑ پر پھولوں کی کاشت کی جاتی ہے۔ان پھولوں کے لیے چار بڑی منڈیاں ہیں جوکہ  پتوکی، سگیاں، ٹھینگ موڑ اور ٹبہ سلطان پور میں واقع ہیں۔ ان پھول منڈیوں میں جدید سہولیات کے فقدان کی وجہ سے 20 سے 30 فیصد پھول ضائع ہوجاتے ہیں۔ پھولوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے  ان منڈیوں میں جدید سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے جن میں آکشن  ہال اور کولڈ سٹور کی سہولت دستیاب ہوگی۔

مقاصد

  • بعد ازبرداشت نقصانات میں کمی
  • مقامی پھول منڈیوں میں جدید سہولیات کی فراہمی

مطلوبہ نتائج

  • اس اقدام کے بعد بعدازبرداشت نقصانات میں 15 فیصد تک کمی واقع ہوگی

پھول منڈیوں کی موجودہ صورتحال

پھولوں  کی مصنوعات کی تیاری

پھولوں سے کئی قسم کی مصنوعات تیار کی جاسکتی ہیں۔ ان مصنوعات کی بیرون ممالک میں طلب بھی موجود ہے۔ سرخا گلاب کی کاشت پنجاب میں وسیع پیمانے پر کی جاتی ہے۔عام طور پر اس کے پھولوں کی تازہ پتیوں کو خوشی غمی کی تقریبات میں استعمال کیا جاتا ہے۔سرخا گلاب کے پھولوں کی پتیوں کو خشک کرکے کاسمیٹک انڈسٹری میں استعمال کیاجاتا ہے۔گلاب کی ایک قسم سینٹی فولیا گلاب کو عرق گلاب کی تیاری کے لیے استعمال کیاجاتا ہے۔ گلاب کے کاشتکاروں کو  گلاب کی پتیوں کو خشک کرنے کے لیے ڈی ہائیڈریٹر  کی فراہمی سے خشک پتی کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا اور روز واٹر پلانٹ کی فراہمی سے عرق گلاب کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔

مقاصد

  • پھولوں کی مصنوعات کی تیاری

مطلوبہ نتائج

  • اس اقدام کے بعدبہتر کوالٹی کا عرق گلاب اور گلاب کی خشک پتی تیار کی جاسکے گی

پھولوں کے اوپن پولی نیٹڈ بیجوں  کی تیاری

پاکستان میں چمن آرائی کے لیے وسیع پیمانے پر موسمی پھولوں کی کاشت کی جاتی ہے۔اس مقصد کے لیے ہائیبرڈ بیج امپورٹ کیاجارہاہے جس کے لیے کثیر زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے۔ ہائیبرڈ بیج کی امپورٹ کو  اوپن پولی نیٹڈ بیج تیار کرکے کم کیاجاسکتا ہے۔اسی سلسلے میں ویجیٹیبل سیڈ فارم خانیوال میں موسمی پھولوں کے اوپی بیجوں کی کاشت کی گئی ہے تاکہ  ملکی ضروریات کو پورا کیاجاسکے۔

مقاصد

  • ملکی سطح پر موسمی پھولوں کے بیجوں کی پیداوار

مطلوبہ نتائج

  • اس اقدام کے بعدمقامی سطح پر تیار کردہ موسمی پھولوں کے بیج دستیاب ہوں

فورٹ منرو میں پھولوں کی کاشت کا آغاز

فورٹ منرو کے موسمی حالات پھولوں کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہیں۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہو اس علاقے  میں پھولوں کی کاشت کو متعارف کرانے کا  منصوبہ بنایا گیا ہے۔ موسم گرما میں گرمی کی شدت کی وجہ سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں پھولوں کی پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔ فورٹ منرو کے علاقے میں گرمی کی  شدت کم ہوتی ہے۔ اس لیے موسم گرما میں اس علاقے میں پھولوں کی کاشت کامیابی سے کی جاسکتی ہے۔

مقاصد

  • اس اقدام کا مقصد فورٹ منرو میں پھولوں کی کاشت متعارف کرانا ہے

مطلوبہ نتائج

  • پھولوں کی کاشت کیلئے نئے مرکز کا قیام